میر رضا قتل کیس، جے آئی ٹی نے دو مشتبہ افراد کا واٹس ایپ ریکارڈ مانگ لیا
کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا علی کی پراسرار موت کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے مقتول اور دو نامزد مشتبہ افراد کے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
میر رضا علی کی موت کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کی سفارشات اور اہل خانہ کے مطالبے کے بعد تشکیل دی گئی جے آئی ٹی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔
جے آئی ٹی میں شامل تفتیشی افسر کی درخواست پر کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے مقتول کے دوستوں اور کیس میں نامزد مشتبہ افراد علی شاز اور احمد بھاردے کو 24 نومبر کے لیے نوٹس جاری کردیے۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ میر رضا علی کے علاوہ علی شاز اور احمد بھاردے کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصل کرنا تحقیقات کے لیے ضروری ہے۔
درخواست میں دونوں مشتبہ افراد کے دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں، جن میں میسنجر اور اسنیپ چیٹ اکاؤنٹس سے متعلق معلومات شامل ہیں۔
تفتیشی افسر کے مطابق ڈیجیٹل ریکارڈ کی مدد سے مشتبہ افراد کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جاسکے گا اور میر رضا علی کی موت سے متعلق اہم معلومات سامنے آنے میں مدد مل سکتی ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ کیس میں نامزد مشتبہ شخص احمد بھاردے کو مقتول میر رضا علی کا بزنس پارٹنر قرار دیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیم اس تعلق سمیت دیگر متعلقہ معاملات کی جانچ کررہی ہے۔
جے آئی ٹی نے متعلقہ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں سے 22 جولائی سے 29 جولائی تک کا ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ رکھنے کی درخواست بھی کی ہے تاکہ تفتیش کے دوران مطلوبہ معلومات دستیاب رہیں۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے بھی رابطہ کیا گیا تھا، تاہم عدالتی اجازت موجود نہ ہونے کے باعث ایجنسی اس معاملے میں کارروائی نہیں کرسکی۔
درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے علی شاز اور احمد بھاردے کو 24 نومبر کو طلبی کے نوٹس جاری کردیے ہیں۔ کیس میں ڈیجیٹل شواہد کے حصول اور مشتبہ افراد کے کردار سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔