Business

4 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا 3 ارب 40 کروڑسے زائد پیٹرولیم لیوی 4 ماہ تک اپنے پاس رکھنے کا انکشاف

4 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا 3 ارب 40 کروڑسے زائد پیٹرولیم لیوی 4 ماہ تک اپنے پاس رکھنے کا انکشاف
۱ منٹ پہلے

عوام سے پیٹرول اور ڈیزل پر وصول کی جانے والی پیٹرولیم لیوی قومی خزانے میں بروقت جمع نہ کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق 4 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے عوام سے وصول کیے گئے 3 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد تقریباً 4 ماہ تک اپنے پاس رکھے، جبکہ تاخیر سے ادائیگی پر 4 کروڑ 63 لاکھ روپے سے زائد کا سرچارج بھی وصول نہیں کیا گیا۔

 

آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے مالی سال 2025-26 کے لیے پیٹرولیم ڈویژن سے متعلق آڈٹ رپورٹ میں مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آئل کے نگرانی کے نظام پر سوالات اٹھائے ہیں۔

 

آڈٹ رپورٹ کے مطابق 4 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصول کیے گئے 3 ارب 40 کروڑ 52 لاکھ 38 ہزار روپے تاخیر سے قومی خزانے میں جمع کرائے۔ آڈٹ حکام نے 61 کیسز میں ان کمپنیوں کی لیوی ادائیگیوں کا جائزہ لیا، جس میں انکشاف ہوا کہ تاخیر کے باوجود قانون کے تحت واجب الادا 4 کروڑ 63 لاکھ روپے سے زائد کا لیٹ پیمنٹ سرچارج وصول نہیں کیا گیا۔

 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کی بروقت وصولی کی مؤثر نگرانی نہ ہونے کے باعث قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچا، جبکہ تاخیر سے ادائیگی پر سرچارج وصول نہ کرنا پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2019 کی خلاف ورزی ہے۔

 

یہ معاملہ اکتوبر 2025 میں پیٹرولیم ڈویژن کی انتظامیہ کے سامنے بھی اٹھایا گیا تھا۔ آڈٹ حکام نے تاخیر سے ادائیگی کرنے والی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے واجب الادا سرچارج وصول کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں