عامر خان کے بھائی فیصل خان کا انکشاف: خاندان کے دباؤ، شادی سے انکار اور رشتے توڑنے کا فیصلہ

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 19 اگست 2025

بالی ووڈ اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان نے پریس کانفرنس میں اپنی ذاتی زندگی اور خاندان سے کشیدہ تعلقات کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ فیصل خان نے بتایا کہ اگست 2002 میں اُن کی شادی ہوئی تھی لیکن دسمبر ہی میں طلاق ہوگئی، جس کے بعد خاندان نے اُن پر اپنی والدہ کی کزن سے شادی کرنے کے لیے سخت دباؤ ڈالا۔ فیصل کے مطابق وہ اس رشتے کے حق میں نہیں تھے اور اپنی زندگی اور کام پر توجہ دینا چاہتے تھے، جس پر اہلِ خانہ ناراض ہوگئے۔

 

فیصل خان کا کہنا تھا کہ شادی سے انکار کے بعد اکثر ملاقاتوں میں تلخ کلامی ہوتی رہی اور بالآخر انہوں نے علیحدہ رہنے کا فیصلہ کیا۔ مزید برآں، انہوں نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے ایک خط میں اپنے خاندان کے افراد کے ذاتی معاملات، جن میں ان کی بہن نکہت کی شادیاں، عامر خان اور رینا دتہ کی شادی، جیسیکا ہائنس کے ساتھ عامر کے مبینہ تعلقات اور ایک ناجائز بچے کا ذکر کیا، تو اس کے بعد پورا خاندان اُن کے خلاف ہوگیا اور انہیں "پاگل" قرار دیا گیا۔

 

یاد رہے کہ فیصل اس سے قبل بھی الزام لگا چکے ہیں کہ عامر خان اور خاندان نے انہیں ایک سال تک گھر میں قید رکھا اور شیزوفرینیا کا مریض قرار دینے کی کوشش کی۔ جواب میں عامر خان اور ان کے خاندان نے ان دعوؤں کو جھوٹا اور تکلیف دہ قرار دیا تھا۔

 

حالیہ پیش رفت میں فیصل خان نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ انہوں نے اپنے خاندان سے تمام تعلقات ختم کر دیے ہیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا:"بھاری دل مگر نئے عزم کے ساتھ میں اعلان کرتا ہوں کہ میں نے اپنے خاندان سے تمام رشتے منقطع کر دیے ہیں۔ یہ فیصلہ مشکل ضرور ہے لیکن میرے ذہنی سکون، آزادی اور خود شناسی کے سفر کے لیے ناگزیر ہے۔"