پاکستان اور آذربائیجان کا دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق، تربیت اور جدیدیت پر خصوصی توجہ

پاکستان - 19 اگست 2025
پاکستان اور آذربائیجان نے دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جس میں تربیت، جدیدیت اور تکنیکی مہارت کو اہمیت دی جائے گی۔ یہ عزم اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ذوالفقار احمد بابر سدھو اور آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع و ڈائریکٹر جنرل دفاع عاقل قربانوف کی قیادت میں وفد کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔
ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے برادرانہ تعلقات کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے وفد کو پاکستان ایئر فورس کے جدیدیت کے منصوبوں، آپریشنل حکمت عملی اور مستقبل کی جنگی تیاریوں سے آگاہ کیا اور آذربائیجان ایئر فورس کو افرادی قوت کی بہتری، دیکھ بھال کے نظام اور عملی تربیت میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آذربائیجانی نمائندے نے مشترکہ مشقوں اور تربیتی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے پاکستان ایئر فورس کے ملٹی ڈومین وارفیئر کے تجربات کو آذربائیجان کے لیے قیمتی قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پی اے ایف کی مدد سے آذربائیجان ایئر فورس کی جدیدیت اور تربیتی نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔