کراچی اور سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا نیا سلسلہ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

news-banner

پاکستان - 20 اگست 2025

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ شارع فیصل، پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال، صدر، ایئرپورٹ اور نرسری سمیت دیگر مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ گلزار ہجری اسکیم 33، سہراب گوٹھ، سپر ہائی وے اور جناح اسپتال کے اطراف بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

 

انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔

 

شارع فیصل سمیت کئی اہم شاہراہوں سے گزشتہ روز کے پانی کی نکاسی کر دی گئی تھی تاہم ایف ٹی سی، بلوچ کالونی، ملیر ہالٹ اور لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے سامنے پانی اب بھی موجود ہے۔

 

ادھر این ڈی ایم اے نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ میرپورخاص، سکھر اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی تیز بارش متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختصر وقت میں 50 سے 100 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، جس کے باعث کراچی، حیدرآباد، سکھر اور میرپورخاص میں اربن فلڈنگ جبکہ ٹھٹھہ، بدین، جامشورو اور دادو میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

 

محکمۂ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی کے علاقے گلشن حدید میں سب سے زیادہ 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح یونیورسٹی روڈ پر 145، شارع فیصل پر 133، ناظم آباد میں 149، پرانے ایئرپورٹ پر 163، نارتھ کراچی میں 148 اور کورنگی میں 138 ملی میٹر بارش ہوئی۔

 

دیگر علاقوں میں اورنگی ٹاؤن میں 81، سعدی ٹاؤن میں 146، ڈی ایچ اے فیز 7 میں 138، کیماڑی میں 173، جناح ٹرمینل پر 156، سرجانی ٹاؤن میں 151، پی اے ایف بیس مسرور میں 101 اور بحریہ ٹاؤن میں 4.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔