پی ڈی ایم اے پنجاب کا الرٹ: صوبے میں سیلاب کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں، ریسکیو اور بریچنگ جاری

news-banner

تازہ ترین - 02 ستمبر 2025

ڈی جی پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے خبردار کیا ہے کہ صوبے میں سیلاب کا خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے چناب کا پانی ہیڈ تریموں سے ملتان کے ہیڈ محمد والا کی طرف رواں ہے، جبکہ تریموں ہیڈ ورکس پر کوئی خطرہ موجود نہیں۔

 

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ہیڈ قادرآباد میں بروقت بریچنگ کے اقدامات نچلے اضلاع میں فائدہ مند ثابت ہوئے، خاص طور پر جھنگ میں جہاں رواز برج کی گنجائش کم ہونے کے باوجود پانی زیادہ تھا۔ چناب کا پانی کل تک ملتان پہنچ جائے گا اور دریائے روای کا پانی بھی شامل ہو جائے گا۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ شاہدرہ سے آنے والا سیلابی ریلہ ہیڈ سدھنائی پہنچ چکا ہے، اور یہاں گنجائش کے قریب ہونے کے باعث بریچنگ کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ مائی صفورہ بند کے مقام پر رات کے دوران شگاف ڈالنے کے لیے 20 سے 24 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

عرفان علی کاٹھیا نے واضح کیا کہ تینوں دریاؤں میں ایک ہی وقت میں سپر فلڈ کی صورتحال برقرار ہے اور پہلے کیے گئے سخت فیصلوں کے مثبت نتائج اب ظاہر ہو رہے ہیں۔

 

واضح رہے کہ پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے باعث سیلابی صورتحال ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 30 سے زیادہ افراد جاں بحق اور لاکھوں متاثر ہو چکے ہیں۔ حکومت کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہیں۔