پنجاب میں مون سون کے 10ویں اسپیل کی پیش گوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

news-banner

تازہ ترین - 05 ستمبر 2025

خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں مون سون کے 10ویں اسپیل کے آغاز سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 سے 9 ستمبر کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں اور طوفانی موسم کا امکان ہے۔

 

پیش گوئی کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں موسلا دھار بارشیں ہوں گی، جبکہ جنوبی پنجاب کے ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارش اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال جبکہ بڑے شہروں میں ندی نالوں کے بپھرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

 

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب نہ جائیں، خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔