اداکارہ انوشے عباسی کا انکشاف: 2019ء میں شادی ختم ہونے کی حقیقت سامنے آگئی

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 26 ستمبر 2025

پاکستانی شوبز کے معروف گھرانے سے تعلق رکھنے والی اداکارہ انوشے عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی دراصل 2019ء میں ہی ختم ہو چکی تھی۔

 

 اداکارہ نے یہ بات اُشنا شاہ کے شو میں گفتگو کے دوران بتاتے ہوئے اپنی طلاق کے بارے میں کھل کر بات کی۔


انوشے عباسی، جو شمعون عباسی اور جویریہ عباسی کی فیملی سے تعلق رکھتی ہیں، نے 2014ء میں اداکار عینان عارف سے شادی کی تھی، جس کی تصویریں اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ 

 

تاہم اداکارہ کے مطابق وہ 2019ء میں شوہر سے علیحدہ ہو چکی تھیں لیکن والدہ کی شدید علالت کے باعث اس خبر کو چھپانے کا فیصلہ کیا۔


انوشے کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ لوگ ان کی والدہ کی صحت کے بجائے ان کی ذاتی زندگی پر سوال کریں، اس لیے اس فیصلے کو میڈیا سے پوشیدہ رکھا۔ 

 

ان کے مطابق وقت نے زخم بھر دیے اور اسی لیے اب وہ اس معاملے پر کھل کر بات کر رہی ہیں۔


انہوں نے مزید بتایا کہ 2021ء میں والدہ کے انتقال کے بعد حالات مزید مشکل ہو گئے تھے، تاہم فیملی نے ایک دوسرے کا سہارا بن کر یہ کڑا وقت گزارا۔