شعیب ملک اور ثنا جاوید کی ازدواجی زندگی پر افواہیں، سوشل میڈیا پر بحث جاری

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 04 اکتوبر 2025

سابق کرکٹر شعیب ملک اور ان کی تیسری اہلیہ، معروف اداکارہ ثنا جاوید، ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گئے ہیں جہاں ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق افواہیں زور پکڑ گئی ہیں۔

 

حال ہی میں سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں شعیب ملک اور ثنا جاوید کو ایک عوامی تقریب میں ایک ساتھ دیکھا گیا، تاہم دونوں ایک دوسرے سے فاصلے پر بیٹھے اور کم بات چیت کرتے نظر آئے۔ اس منظر کے بعد سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور صارفین نے سوال اٹھایا کہ “کیا ایک اور بریک اپ راستے میں ہے؟”

 

بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شعیب اور ثنا کے درمیان تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان کا رشتہ جلد ختم ہوسکتا ہے۔ تاہم اب تک دونوں شخصیات نے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

 

دلچسپ امر یہ ہے کہ حالیہ دنوں دونوں نے انسٹاگرام پر الگ الگ تصاویر شیئر کیں جو بظاہر ایک ہی غیر ملکی مقام پر لی گئی لگتی ہیں۔ ان تصاویر میں شعیب اور ثنا کو سیاہ اور سفید لباس میں دیکھا گیا، جس کے باعث بعض مداحوں نے قیاس کیا کہ وہ دراصل ایک ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔

 

یہ افواہیں اور متضاد اشارے مداحوں کو مزید الجھن میں ڈال رہے ہیں، اور سوشل میڈیا پر یہ بحث جاری ہے کہ آیا واقعی دونوں کے درمیان اختلافات موجود ہیں یا یہ صرف قیاس آرائیاں ہیں۔