کاروبار - 13 اکتوبر 2025
محمد عامر کا انٹرنیشنل کرکٹ میں ممکنہ واپسی کی خبروں پر ردعمل، ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو حتمی قرار دے دیا

کھیل - 06 اکتوبر 2025
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ممکنہ واپسی کی گردش کرتی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
ایک ویڈیو پیغام میں محمد عامر نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا، "گزشتہ چند دنوں سے یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ میں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کر رہا ہوں، تاہم ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔"
انہوں نے مزید وضاحت کی، "دو تین دن سے سن رہا ہوں کہ محمد عامر کم بیک کر رہے ہیں اور ریٹائرمنٹ واپس لے رہے ہیں، ایسا کوئی معاملہ نہیں، میری کسی سے واپسی یا ریٹائرمنٹ واپس لینے پر کوئی بات نہیں ہوئی، اور نہ ہی میرا کوئی ایسا ارادہ ہے۔ میں نے جو فیصلہ کیا تھا وہ حتمی ہے۔"
عامر نے کہا کہ اگرچہ مداح چاہتے ہیں کہ وہ دوبارہ کھیلیں، لیکن پاکستان کرکٹ کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو مستقل مواقع ملنے چاہئیں تاکہ اگلے دو تین سال میں ایک مضبوط ٹیم تیار ہو سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم جلد بڑی کامیابیاں حاصل کرے گی، "ہم ایشیا کپ فائنل کھیل چکے ہیں، اب امید ہے کہ ہم ورلڈ کپ فائنل بھی کھیلیں اور جیتیں۔"
محمد عامر نے چیف سلیکٹر کے عہدے پر تبدیلی سے متعلق سرفراز احمد کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ اگر سرفراز احمد چیف سلیکٹر بنتے ہیں یا بطور سلیکٹر آتے ہیں تو یہ ایک "بہترین فیصلہ" ہوگا، کیونکہ وہ موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکے ہیں، جس کا فائدہ ہو سکتا ہے۔ سرفراز احمد کی دیانت داری کو سراہتے ہوئے عامر نے کہا کہ "سرفراز احمد ایک ایماندار اور مخلص انسان ہیں، پاکستان کرکٹ کو ان جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔"
انہوں نے مزید تجویز دی کہ تجربہ کار کھلاڑیوں کو کوچنگ اور مشاورتی کرداروں میں استعمال کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق شعیب اختر، عمر گل اور سہیل تنویر کو وائٹ بال کرکٹ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے کیونکہ ان کے پاس قیمتی تجربہ ہے۔ انہوں نے یونس خان کو بھی سسٹم کا حصہ بنانے کی تجویز دی، یہ کہتے ہوئے کہ وہ 'یس مین' نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ محمد عامر نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد 14 دسمبر 2024ء کو دوسری مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل وہ دسمبر 2020ء میں ریٹائر ہوئے تھے، بعد ازاں 2024ء کے آغاز میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے دستیابی ظاہر کی تھی۔