سمندری طوفان کی شدت میں کمی، گہرے دباؤ میں تبدیل

news-banner

پاکستان - 07 اکتوبر 2025

بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان شدت کم ہونے کے بعد گہرے دباؤ (ڈیپ ڈپریشن) میں تبدیل ہوگیا ہے، جس کا مرکز کراچی سے تقریباً 960 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق، یہ گہرا دباؤ بحیرہ عرب کے مغربی وسطی اور شمال مغربی حصے میں موجود ہے اور جنوب یا جنوب مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔
 

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم آئندہ 6 گھنٹوں میں مزید کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے، جب کہ اگلے 12 گھنٹوں کے دوران اس کے کم دباؤ والے علاقے میں بدلنے کا امکان ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 12 گھنٹوں کے دوران اسی علاقے میں سمندر کی حالت اونچی سے انتہائی خراب رہے گی۔
 

طوفان کے مرکز کے قریب ہواؤں کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔

 

ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آج تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہ سکیں۔

 

سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی اس موسم کے نظام کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور صورتحال کے مطابق آئندہ اپڈیٹس جاری کرے گا۔