کاروبار - 13 اکتوبر 2025
بھارتی اداکارہ آہانا کومرا کو پون سنگھ کے مداحوں کی جانب سے قتل اور ریپ کی دھمکیاں

انٹرٹینمنٹ - 08 اکتوبر 2025
بھارتی ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ آہانا کومرا کو سنگین نوعیت کی جان سے مارنے اور ریپ کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔ ان دھمکیوں کا سلسلہ اُس وقت شروع ہوا جب آہانا نے بھوج پوری اداکار اور سیاستدان پون سنگھ سے متعلق کچھ تبصرے کیے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں آہانا نے بتایا کہ انہیں ریئلٹی شو ’رائز اینڈ فال‘ سے نکالنے، قتل کرنے اور ریپ کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
ان کے بقول، ’’جب میں شو سے باہر نکلی تو مجھے شدید دھمکیاں ملنا شروع ہو گئیں۔‘‘
یہ صورتحال اُس وقت سامنے آئی ہے جب پون سنگھ خود بھی ایک اسکینڈل میں گھرے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز ان کی اہلیہ نے ان پر بے وفائی اور دیگر خواتین کے ساتھ نامناسب تعلقات کے الزامات لگائے تھے۔
آہانا نے مزید بتایا کہ انہوں نے تمام دھمکیوں کے اسکرین شاٹس شو کے منتظمین کو بھیج دیے ہیں اور وضاحت کی کہ انہوں نے نہ کسی کی توہین کی اور نہ ہی کوئی متنازع بیان دیا۔
واضح رہے کہ پون سنگھ اور آہانا کومرا نے شو کے بعد اسٹیج پر ایک دوسرے سے معافی مانگ لی تھی، لیکن پون سنگھ کے مداحوں نے اداکارہ کو معاف نہیں کیا اور سوشل میڈیا پر اُن کے خلاف نفرت انگیز مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔