کینیڈا میں پاکستانی ٹیکسٹائل کی دھوم: مسی ساگا میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش میں خریداروں کی توجہ کا مرکز

news-banner

دنیا - 08 اکتوبر 2025

کینیڈا کے شہر مِسّی ساگا میں منعقدہ اپیرل ٹیکسٹائل سورسنگ (ATS) شو 2025ء میں پاکستانی ٹیکسٹائل اداروں نے اپنی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کی۔ 29 ستمبر سے یکم اکتوبر تک جاری رہنے والی اس بین الاقوامی نمائش میں پاکستانی کمپنیوں کے اسٹالز پر خریداروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔

 

ATS شو شمالی امریکا، ایشیا اور دیگر خطوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کے لیے ایک اہم تجارتی پلیٹ فارم مانا جاتا ہے۔ اس سال پاکستان، چین، بنگلہ دیش، ویتنام، کینیڈا سمیت کئی ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 

پاکستانی نمائش کنندگان نے اسپورٹس ویئر، ٹیکنیکل ٹیکسٹائلز اور حفاظتی ملبوسات پیش کیے ، جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی ویلیو ایڈڈ اور پائیدار ٹیکسٹائل انڈسٹری کی صلاحیتوں کا ثبوت ہیں۔

 

شرکا کا کہنا تھا کہ پچھلے برسوں کے مقابلے میں اس سال رسپانس غیر معمولی طور پر مثبت رہا، جبکہ نمائش کے دوران شمالی امریکا میں پائیدار ٹیکسٹائل مصنوعات کی بڑھتی مانگ اور نئی مارکیٹ ٹرینڈز کے حوالے سے قیمتی معلومات کا تبادلہ بھی ہوا۔

 

پاکستانی وفد نے اس موقع پر کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پاکستان کے ٹیکسٹائل کا معیار اور جدت پسندی تیزی سے تسلیم کی جا رہی ہے — جو ملکی برآمدات میں اضافے اور صنعتی ترقی کے لیے نہایت حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔