کاروبار - 13 اکتوبر 2025
پاکستان اقوامِ متحدہ میں بھارت پر شدید تنقید، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعلان

دنیا - 09 اکتوبر 2025
پاکستان نے اقوامِ متحدہ میں کہا ہے کہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت عدم برداشت اور اسلامو فوبیا کی علامت بن چکی ہے، اور کشمیری عوام پر مظالم کے حقائق کسی بھی پراپیگنڈے سے چھپائے نہیں جا سکتے۔
پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم نے بھارتی وفد کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں خوف و ہراس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مسلمانوں کو ہجوم کے ہاتھوں قتل کیا جاتا ہے، مساجد کو مسمار کیا جاتا ہے، اور گرجا گھروں کو آگ لگائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں نفرت انگیز تقاریر اور نسل کشی کے مطالبے معمول بن چکے ہیں، جس سے تنوع اور اختلافِ رائے کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔
صائمہ سلیم نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر بھارت کا نام نہاد اٹوٹ انگ نہیں ہے، اور اقوام متحدہ کی متعدد قراردادیں اس حقیقت کی تصدیق کرتی ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بار بار خلاف ورزیاں کی ہیں اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کے لیے جھوٹا پراپیگنڈا پھیلاتا ہے۔ علاوہ ازیں، بھارت کے سندھ طاس معاہدے کو مؤخر کرنے کا اقدام انسانی حقوق اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کی توہین ہے۔
صائمہ سلیم نے عالمی برادری سے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن تب ہی ممکن ہے جب بھارت جموں و کشمیر پر قبضہ ختم کرے اور ریاستی دہشت گردی کی پالیسی ترک کرے، اور پاکستان مظلوم کشمیری عوام کے حقوق کے لیے پرعزم کھڑا رہے گا۔