ریاض میں ورلڈ فائر اینڈ ریسکیو اسپورٹ چیمپئن شپ کی قرعہ اندازی 27 اکتوبر کو ہوگی

news-banner

کھیل - 09 اکتوبر 2025

ورلڈ فائر اینڈ ریسکیو اسپورٹ چیمپئن شپ کی قرعہ اندازی کی تقریب 27 اکتوبر کو سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوگی۔

 

 یہ عالمی ایونٹ انٹرنیشنل اسپورٹ فیڈریشن آف فائر فائٹرز اینڈ ریسکیورز (ISFFR) کے زیرِ اہتمام اور سعودی محکمہ سول ڈیفنس کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں 21 ممالک کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔

 

تقریب میں آئی ایس ایف ایف آر کے نمائندے، بین الاقوامی ریفری اور شریک ممالک کے وفود کے سربراہان شریک ہوں گے۔ قرعہ اندازی کے نتائج کی بنیاد پر انفرادی اور ٹیم مقابلوں کا شیڈول تیار کیا جائے گا۔

 

چیمپیئن شپ میں چار بڑے مقابلے شامل ہوں گے: ہُک لیڈر چڑھائی، 100 میٹر رکاوٹ دوڑ، 4×100 میٹر ریلے، اور فائر فائٹنگ کانٹیسٹ۔

 

یہ ایونٹ سعودی عرب کی سول ڈیفنس اور عوامی تحفظ کے میدان میں قائدانہ حیثیت کو اجاگر کرے گا اور بین الاقوامی سطح پر ریسکیو و فائر فائٹرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نمایاں کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ سال 2024 میں یہ مقابلے چین میں منعقد ہوئے تھے، جبکہ اس سال ایشیا، یورپ اور افریقہ کے کئی ممالک کی بھرپور شرکت متوقع ہے، جو مملکت کی اعلیٰ تنظیمی صلاحیت اور عالمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔