مصر نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا، محمد صلاح کی شاندار کارکردگی

news-banner

کھیل - 09 اکتوبر 2025

کاسابلانکا میں مصر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جبوتی کو 0-3 سے شکست دی اور باضابطہ طور پر 2026 فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ٹیم کے کپتان اور اسٹار فارورڈ محمد صلاح نے دو گول کر کے اپنی فارم برقرار رکھی اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔


اس کامیابی کے ساتھ مصر کو گروپ "اے" میں برکینا فاسو پر پانچ پوائنٹس کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔ افریقہ کپ آف نیشنز کے سات مرتبہ چیمپئن رہنے والے مصری اب اپنی تاریخ میں پانچویں بار ورلڈ کپ کھیلیں گے۔

 

دوسری جانب افریقی کوالیفائرز کے دیگر میچز میں گھانا نے سینٹرل افریقن ریپبلک کو 0-5 سے عبرتناک شکست دی۔ گھانا کے لیے تھامس پارٹی، محمد سالیسو، الیگزینڈر ڈیجیکو، کپتان جارڈن ایو اور کمالدین سلیمانہ نے گول کیے۔

 

 اس کامیابی کے بعد گھانا کو ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے کوموروس کے خلاف آخری میچ میں صرف ایک پوائنٹ درکار ہے۔


ادھر کیپ وردے نے لیبیا کے خلاف دو گول کے خسارے کے باوجود شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ 3-3 سے برابر کر دیا۔

 

 گروپ "ڈی" میں دو پوائنٹس کی برتری کے ساتھ سرفہرست کیپ وردے آئندہ ایسواتینی کے خلاف کامیابی حاصل کر کے اپنی تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے۔