اداکار شفقت چیمہ کی بیماری چھپانے کی وجہ سامنے آگئی، بیٹے کا بڑا انکشاف

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 09 اکتوبر 2025

نامور اداکار شفقت چیمہ کی بیماری کو میڈیا سے چھپانے کی اصل وجہ سامنے آ گئی ہے، جس کا انکشاف ان کے بیٹے نے کیا ہے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار، جنہوں نے 35 برس تک منفی کرداروں کے ذریعے لالی ووڈ میں منفرد پہچان بنائی، گزشتہ سال فالج کے اٹیک کے باعث شدید بیمار ہو گئے تھے۔ ان کی بیماری کے حوالے سے میڈیا پر کوئی خبر سامنے نہ آنے پر مداح حیران تھے۔

 

حال ہی میں شفقت چیمہ کے بیٹے نے ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں والد کی بیماری کو میڈیا سے خفیہ رکھنے کی وجہ بتائی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ والد ان کے لیے سب کچھ ہیں، اور جب وہ بیمار ہوئے تو ان کی ایک بہن مانچسٹر سے اور دوسری امریکہ سے فوراً پاکستان پہنچیں۔ سب نے یہی کہا کہ ابو کو میڈیا میں نہ دکھایا جائے کیونکہ "لوگ انہیں ایک شیر کی طرح دیکھتے ہیں،" اور وہ نہیں چاہتے تھے کہ مداح انہیں کمزور حالت میں دیکھیں، کیونکہ ان کے ذہنوں میں ابو کی ایک مضبوط اور طاقتور شبیہ بنی ہوئی ہے۔

 

شفقت چیمہ کے بیٹے نے فنکاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ اپنی فیملی کو ترجیح دینی چاہیے، کیونکہ آخر میں وہی ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ "اپنی فیملی کو مضبوط بنائیں، کیونکہ وہی اصل اثاثہ ہے، باہر سے مدد مت ڈھونڈیں،" انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ابو کو اتنا پیار دیا کہ وہ اپنی تکلیف بھول گئے، لیکن اداکارہ ریما ہی وہ واحد شخصیت تھیں جو دل سے ان کے ساتھ کھڑی رہیں، وہ اپنے شوہر کے ساتھ آئیں اور روزانہ ابو کی خیریت دریافت کرتی رہیں۔