کاروبار - 13 اکتوبر 2025
خواجہ آصف: بھارت دوبارہ مہم جوئی کی تیاری میں، پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا

پاکستان - 11 اکتوبر 2025
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے حالیہ بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ وہ ایک بار پھر کسی ایڈونچر کی تیاری کر رہا ہے، تاہم اس بار پاکستان پہلے سے زیادہ مؤثر اور منہ توڑ جواب دے گا۔
سیالکوٹ میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت اپنی ماضی کی ذلت کو مٹانے اور کھوئی ہوئی عزت بحال کرنے کے لیے اس طرح کے اقدامات کر سکتا ہے، لیکن اسے اپنی خوش فہمیوں سے باہر نکال دیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ میرے ساتھ ہوٹل کی لابی میں تصویر لی گئی، لیکن میں اس خاتون کو نہیں جانتا۔
افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید بگاڑ کی طرف جا رہے ہیں، جو پہلے بھی بہتر نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان پاکستان میں دہشت گردی برآمد کر رہا ہے، اور یہ صورتحال تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا کرے گی، حالانکہ پاکستان باوقار اور خوشگوار ہمسائیگی کے تعلقات کا خواہاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے وہ علاقے جہاں دہشت گرد پناہ لیتے ہیں، وہاں کے مکین عموماً ان کی موجودگی سے واقف ہوتے ہیں۔ اگر وہ خاموش رہیں تو اسے نیم رضا مندی سمجھا جائے گا۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان کے محب وطن شہریوں کے نقصان کی اجازت نہیں دی جائے گی۔