قیدیوں کا تبادلہ، 7 اسرائیلی یرغمالی ریڈ کراس کے سپرد

news-banner

دنیا - 13 اکتوبر 2025

اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ کسی بھی وقت شروع ہونے کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق ریڈ کراس کی گاڑیاں غزہ کے علاقے دیرالبلح پہنچ گئی ہیں، جبکہ فلسطینی قیدی اسرائیلی جیلوں سے بسوں میں سوار ہو رہے ہیں۔

 

معاہدے کے تحت، حماس 20 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گی جس کے بدلے میں تقریباً 2,000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈ نے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اسرائیلی مغویوں کو رہائی ملتے ہی فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔

 

دوسری جانب، غزہ امن منصوبے پر سربراہی اجلاس آج مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہو رہا ہے۔ اس اجلاس کی صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کر رہے ہیں، جہاں غزہ امن معاہدے پر دستخط اور اس پر عملدرآمد کی کوششوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں 20 سے زائد ممالک کے سربراہان شریک ہیں، جن میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر طیب اردوان، فلسطینی صدر محمود عباس، اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی، جرمن چانسلر اور فرانس کے صدر میکرون شامل ہیں۔

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر کہا ہے کہ غزہ میں جنگ ختم ہو گئی ہے اور غزہ منصوبے کے لیے جلد ہی بورڈ آف پیس قائم کیا جائے گا۔