کاروبار - 13 اکتوبر 2025
وزیراعلیٰ کا استعفیٰ 'متضاد دستخطوں' کی بنا پر مسترد، صوبائی اسمبلی میں آج نئے قائد ایوان کا انتخاب

پاکستان - 13 اکتوبر 2025
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعتراض لگاتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ واپس کر دیا، جس کی بنا پر ان کا استعفیٰ منظور نہ ہو سکا۔ گورنر فیصل کنڈی کا کہنا ہے کہ انہیں علی امین گنڈاپور کے نام سے دو متضاد استعفے موصول ہوئے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کنڈی کی جانب سے لکھے گئے خط میں علی امین گنڈاپور کے دونوں استعفوں پر دستخط کو مختلف اور غیرمشابہ قرار دیا گیا ہے۔ گورنر نے بتایا کہ وہ اس وقت شہر سے باہر ہیں اور 15 اکتوبر کو واپس آئیں گے۔ لہذا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو استعفوں کی تصدیق کے لیے 15 اکتوبر کو دن 3 بجے گورنر ہاؤس آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خیبر پختونخوا اسمبلی میں آج نئے قائد ایوان کا انتخاب ہونے جا رہا ہے۔ اس انتخاب کے لیے چار امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں۔ ان امیدواروں میں پاکستان تحریک انصاف کے سہیل آفریدی، جے یو آئی (ف) کے مولانا لطف الرحمان، مسلم لیگ ن کے سردار شاہ جہان یوسف اور پیپلز پارٹی کے ارباب زرک خان شامل ہیں۔