امیر بالاج قتل کیس میں بڑی پیش رفت؛ عدالت نے عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانت خارج کردی

news-banner

پاکستان - 13 اکتوبر 2025

سیشن کورٹ لاہور میں امیر بالاج قتل کیس کی سماعت کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔

 

عدالتی ذرائع کے مطابق، عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر منسوخ کی گئی، کیونکہ وہ مقررہ تاریخ پر عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ اس مقدمے کا اندراج تھانہ چوہنگ پولیس نے کیا تھا۔

 

قبل ازیں عدالت نے عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانت آج تک منظور کر رکھی تھی، تاہم ان کی غیرحاضری کے باعث ضمانت خارج کر دی گئی۔

 

واضح رہے کہ دو روز قبل امیر بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو رحیم یار خان میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک کر دیا گیا تھا۔

 

ذرائع کے مطابق، طیفی بٹ کو لاہور منتقل کیا جا رہا تھا جب کہ صادق آباد کے علاقے کوٹ سبزل میں اس کے ساتھیوں نے پولیس وین پر حملہ کر کے اسے چھڑانے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا۔