کاروبار - 13 اکتوبر 2025
وفاقی وزارتِ داخلہ کا افغان پی او آر کارڈ ہولڈرز کے مستقبل پر آج اہم اجلاس، نئی پالیسی متوقع

پاکستان - 13 اکتوبر 2025
وفاقی وزارتِ داخلہ نے پاکستان میں مقیم پی او آر (Proof of Registration) کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کے مستقبل کے بارے میں اہم پالیسی فیصلے کرنے کے لیے آج اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزارتِ داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں ملک میں مقیم 13 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی قانونی حیثیت، ان کے قیام یا افغانستان واپسی کے حوالے سے حتمی حکمتِ عملی طے کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں نادرا، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندگان، ڈی جی ایف آئی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور حساس اداروں کے افسران شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پی او آر کارڈ ہولڈرز افغان باشندوں کی قانونی حیثیت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ یہ کارڈ افغان مہاجرین کو پاکستان میں قانونی طور پر بغیر ویزا قیام کی اجازت دیتا ہے، اور بڑی تعداد میں افغان شہری طویل عرصے سے ان کارڈز کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں میں مقیم ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق، اس وقت پاکستان میں تقریباً 13 لاکھ افراد پی او آر کارڈز کے حامل ہیں، جبکہ ستمبر 2023 سے اب تک 10 لاکھ افغان باشندے اپنی مرضی یا حکومتی اقدامات کے تحت واپس افغانستان جا چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی او آر کارڈز کی مدت میں ممکنہ توسیع یا منسوخی، اور اس حوالے سے قانونی و انتظامی کارروائی کے لائحہ عمل پر غور متوقع ہے۔ نئی پالیسی کے تحت متعلقہ اداروں کو اجلاس کے بعد فوری ہدایات جاری کیے جانے کا امکان ہے تاکہ فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کیا جا سکے۔