قذافی اسٹیڈیم ٹیسٹ: پاکستان کی پہلی اننگز 378 رنز پر ختم، سلمان علی آغا اور امام الحق نمایاں

news-banner

کھیل - 13 اکتوبر 2025

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم 378 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔


سلمان علی آغا اور امام الحق 93، 93 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان نے 62 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

 

دوسرے روز پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز سے اننگز کا آغاز کیا۔ محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے 49 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم سینورن متھوسوامی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 6 پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

 

 انہوں نے ایک ہی اوور میں محمد رضوان، محمد نعمان اور ساجد خان کو آؤٹ کر کے پاکستان کی پیش رفت روک دی۔

 

سلمان علی آغا اپنی سنچری سے کچھ ہی فاصلے پر آؤٹ ہوئے، اور پاکستان کی اننگز 378 رنز پر تمام ہوئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے متھوسوامی نے 6، سبرائن نے 2 جبکہ کگیسو رباڈا اور سائمن ہارمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

پہلے دن امام الحق نے 93، شان مسعود نے 76، جبکہ بابر اعظم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔