امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل پہنچ گئے، حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا آغاز

news-banner

دنیا - 13 اکتوبر 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیر کے روز اسرائیل پہنچ گئے، ایک ایسے وقت میں جب حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع کیا ہے اور غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ چند روز قبل ہی طے پایا تھا۔

 

ایئر فورس ون کے بین گوریان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے پر صدر ٹرمپ کا استقبال اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ اور وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کیا۔

 

 اس سے قبل طیارے نے تل ابیب کے ’ہاسٹیجز اسکوائر‘ کے اوپر پرواز کی، جہاں ہزاروں شہری یرغمالیوں کی رہائی کی خوشی میں جمع تھے — ایک اقدام جسے ماہرین نے اسرائیل کے لیے امریکی یکجہتی کی علامت قرار دیا ہے۔

 

روانگی سے قبل طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ “جنگ ختم ہو چکی ہے، اب وقت امن قائم کرنے کا ہے۔”


پیر کے روز صدر ٹرمپ اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) سے خطاب کریں گے، جب کہ انہیں اسرائیل کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے بھی نوازا جائے گا۔

 

بعدازاں، وہ مصر روانہ ہوں گے جہاں وہ صدر عبدالفتاح السیسی کے ہمراہ غزہ امن کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ یہ اجلاس شرم الشیخ میں منعقد ہوگا جس میں جنگ بندی کے تسلسل اور غزہ کی تعمیرِ نو سے متعلق حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔

 

ٹرمپ کے ہمراہ جیرڈ کشنر، اسٹیو وٹکوف اور ایوانکا ٹرمپ بھی موجود تھیں۔

 

دوسری جانب، حماس نے اپنے قبضے میں موجود 7 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دیا، جنہیں ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔


اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ مغویوں کو غزہ پٹی میں اسرائیلی دفاعی فورسز کے حوالے کر دیا گیا ہے، جب کہ مزید قیدیوں کی رہائی بھی جلد متوقع ہے۔

 

ریڈ کراس نے پیر کو اعلان کیا کہ اس نے 20 مزید اسرائیلی مغویوں کی رہائی کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے، جو امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی سے طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کا حصہ ہے۔

 

معاہدے کے تحت اسرائیل آج اپنے جیلوں سے 2,000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا، جب کہ بعد کے مرحلے میں 28 دیگر اسرائیلی مغویوں — جن میں 26 لاشیں اور 2 لاپتا افراد شامل ہیں — کی منتقلی متوقع ہے۔

 

اسرائیل بھر میں شہری یرغمالیوں کی واپسی کے منتظر ہیں۔ رئیم فوجی کیمپ اور تل ابیب کے ہوسٹیجز اسکوائر میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہیں، جو اسرائیلی پرچم لہرا کر خوشی اور امید کا اظہار کر رہے ہیں۔