کاروبار - 13 اکتوبر 2025
پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران "مقامی حکومت پنجاب بل 2025ء" منظور

پاکستان - 13 اکتوبر 2025
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے باوجود حکومت نے مقامی حکومت پنجاب بل 2025ء منظور کروا لیا۔
اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان مسلسل شور شرابا کرتے رہے اور ٹی ایل پی کے احتجاج اور امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر کارروائی مؤخر کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔ حزبِ اختلاف کے رہنما معین ریاض قریشی نے کہا کہ “ایجنڈا ملتوی کیا جائے کیونکہ پنجاب کی صورتحال غیر معمولی ہے۔”
اپوزیشن ارکان نے ایوان میں بل کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اچھالیں اور نعرے بازی کی، تاہم قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن کے احتجاج کو نظرانداز کرتے ہوئے بل کی شق وار منظوری دے دی۔
یہ بل صوبائی وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق نے ایوان میں پیش کیا تھا، جس کی منظوری کے بعد پنجاب میں مقامی حکومتوں کے نئے ڈھانچے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔