کاروبار - 13 اکتوبر 2025
وفاقی حکومت کا بڑا ہدف: 5 سال میں ادویات کی برآمدات 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کا عزم

تازہ ترین - 13 اکتوبر 2025
وفاقی حکومت نے پاکستان کی ادویات کی برآمدات کو اگلے پانچ سالوں میں 30 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت ڈریپ (DRAP) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیڈرل سیکرٹری ہیلتھ، ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈریپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران برآمداتی اہداف پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ صحت نے کہا کہ حکومت نے ادویات کی ایکسپورٹس بڑھانے کے لیے بھرپور حکمتِ عملی تیار کی ہے اور اس ہدف کے حصول کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے زور دیا کہ پاکستانی فارماسیوٹیکل مصنوعات کو دنیا کے بڑے تجارتی بلاکس تک رسائی دلانے کے لیے مربوط اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک عددی ہدف نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی خود کفالت اور پائیدار ترقی کی علامت ہے۔
وزیرِ صحت نے مزید بتایا کہ منصوبے کی رفتار برقرار رکھنے اور پیش رفت کا تسلسل یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ فالو اپ میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔