تازہ ترین - 13 نومبر 2025
ثانیہ مرزا نے مشکل وقت میں حوصلہ افزائی پر فرح خان کا شکریہ ادا کیا
انٹرٹینمنٹ - 13 نومبر 2025
سابق بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا نے بتایا کہ بولی وڈ فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان نے ان کے انتہائی مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا اور حوصلہ بڑھایا۔
ثانیہ مرزا نے یہ بات اپنے یوٹیوب پروگرام “سرو اِٹ وِد ثانیہ” میں کی، جس میں فرح خان مہمان کے طور پر شامل ہوئیں۔ پروگرام میں والدین ہونے کی مشکلات اور سنگل پیرنٹ کے طور پر بچوں کی پرورش پر تفصیلی بات ہوئی۔
فرح خان نے ثانیہ کی تعریف کی کہ وہ اپنے بیٹے کو اکیلے پرورش کر رہی ہیں، جو واقعی ایک مشکل اور قابل تعریف کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثانیہ کام کے ساتھ ساتھ گھر اور بیٹے کی دیکھ بھال بھی اکیلے انجام دیتی ہیں، جو ان کی محنت اور لگن کو ظاہر کرتا ہے۔
ثانیہ نے کہا کہ بچے بہت سمجھدار ہوتے ہیں اور والدین کے مصنوعی مسکراہٹ کے باوجود گھر میں کچھ غلط ہو رہا ہو تو وہ محسوس کر لیتے ہیں، اس لیے بچوں کو تکلیف دہ ماحول دینے کے بجائے الگ ہونا بہتر ہے۔
ثانیہ نے مزید بتایا کہ فرح خان ان کی انتہائی قریبی دوست ہیں، اور لوگ اکثر ان کی دوستی پر حیران رہ جاتے ہیں کیونکہ دونوں مختلف شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں۔
فرح کی حوصلہ افزائی کی بدولت ثانیہ زندگی کے مشکل ترین وقت میں ایک لائیو شو کی میزبانی کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے 2010 میں شادی کی تھی اور 2018 میں ان کے بیٹے اذہان کی پیدائش ہوئی، تاہم جنوری 2024 میں ان کی شادی باضابطہ طور پر ختم ہو گئی۔
بعد ازاں شعیب ملک نے پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کی۔
شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ثانیہ مرزا اپنے بیٹے کے ساتھ رہتی ہیں، جبکہ شعیب مختلف اوقات میں اپنے بیٹے سے ملتے ہیں اور ان لمحوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔
دیکھیں

