ثروت گیلانی نے پوسٹ پارٹم ڈپریشن پر دوبارہ لب کشائی کی: "میرا دل چاہتا تھا اپنی ہی بچی سے جان چھڑالوں"

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 13 نومبر 2025

اداکارہ ثروت گیلانی نے ایک بار پھر پوسٹ پارٹم ڈپریشن کے دوران گزرے کڑے لمحات پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بچی کی پیدائش کے بعد وہ اتنی ذہنی اذیت میں مبتلا ہوئیں کہ ان کا دل چاہتا تھا کہ وہ اپنی نوزائیدہ بچی کو گرا کر اس سے جان چھڑالیں۔

 

انہوں نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کھل کر اپنی نفسیاتی حالت پر روشنی ڈالی۔ ثروت نے بتایا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کے شوہر ڈاکٹر ہیں اور انہیں اس بیماری کا ادراک تھا۔

 

اداکارہ کے مطابق بہت سی پڑھی لکھی خواتین بھی اس عارضے سے لاعلم رہتی ہیں جبکہ گھر کے افراد بھی اسے سنجیدگی سے نہیں لیتے۔

 

انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ خود پر آنے والی ذہنی و جسمانی تبدیلیوں پر غور کریں، ان کے بارے میں بات کریں اور اگر ضرورت ہو تو مدد حاصل کریں۔

 

ثروت گیلانی نے کہا کہ پوسٹ پارٹم ڈپریشن ایک حقیقت ہے، یہ کوئی بہانہ نہیں، بلکہ ایک سنجیدہ بیماری ہے جسے نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ہر سات میں سے ایک خاتون اس ڈپریشن کا شکار بنتی ہے، لہٰذا ایسے مریضوں کو طعنوں کے بجائے حوصلہ دیا جانا چاہیے۔

 

اداکارہ نے بتایا کہ بچی کی پیدائش کے فوراً بعد وہ اس بیماری میں مبتلا ہوئیں، انہیں فیڈنگ کے دوران بھی بیزاری ہوتی تھی اور وہ کئی بار ایسے منفی خیالات کا شکار ہوئیں کہ اپنی بچی کو نقصان پہنچا دیں یا خودکشی کرلیں۔

 

پوسٹ پارٹم ڈپریشن کیا ہے؟


یہ بیماری بچے کی پیدائش کے بعد خواتین میں پیدا ہونے والا ذہنی دباؤ ہے، جس میں ماؤں کے ذہن میں منفی خیالات آنا، خود سے یا بچے سے نفرت، بے چینی اور اداسی شامل ہیں۔


ماہرین کے مطابق اس بیماری کا علاج ممکن ہے اور مریض کو سائیکالوجسٹ یا کونسلر سے رجوع کرنا چاہیے۔