میکسیکو میں عدم تحفظ اور بدعنوانی کے خلاف جین زی گروپ کے ملک گیر احتجاج میں شدت

news-banner

دنیا - 16 نومبر 2025

میکسیکو میں بڑھتی ہوئی بدعنوانی اور عدم تحفظ کے خلاف جین زی گروپ کے مظاہرے مختلف شہروں میں پھیل گئے ہیں۔   

 

میکسیکو سٹی میں جین زی تحریک سے وابستہ بڑی تعداد میں افراد صدارتی محل کے سامنے جمع ہوئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے رکاوٹیں توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

 

پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ کی، جبکہ مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا۔ کئی گھنٹوں تک علاقہ میدانِ جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔

 

جین زی گروپ نے ملک کے 50 سے زائد شہروں میں احتجاج کی کال دی ہے، جبکہ حکومت نے اس تحریک کو بیرونی فنڈنگ سے چلنے والا سیاسی حربہ قرار دیا ہے۔

 

واضح رہے کہ ماہِ رواں کے آغاز میں ریاست مِچوآکان میں ایک میئر کے قتل کے بعد بھی شدت پسندانہ احتجاج دیکھنے میں آیا تھا۔ مِچوآکان کے شہر اُروپان کے میئر کارلوس مانزو کو ایک تقریب کے دوران فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد مشتعل عوام نے سرکاری عمارت پر دھاوا بول دیا اور گورنر الفریڈو رامیرز بیڈولا سے استعفے کا مطالبہ کیا۔

 

جین زی ایک عالمی نوجوان تحریک کا حصہ ہے جو ماحولیاتی تحفظ، بدعنوانی کے خاتمے، سیاسی اجارہ داری کے خلاف آواز بلند کرنے اور صنفی و نسلی برابری کے لیے سرگرم ہے۔