کاروبار - 17 نومبر 2025
غزہ میں پہلی بارش کے بعد انسانی بحران شدت اختیار کر گیا، ہزاروں خیمے ڈوب گئے
دنیا - 17 نومبر 2025
غزہ میں موسمِ سرما کی پہلی بارش نے فلسطینیوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کردیا۔
بارش کے باعث پناہ گزینوں کے ہزاروں خیمے پانی میں ڈوب گئے جبکہ لاکھوں بے گھر فلسطینی کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔
اسرائیل نے ایک بار پھر خیموں اور ضروری امدادی سامان کی غزہ آمد روک دی ہے، جس کے نتیجے میں سخت سردی اور بارش کے دوران لوگ گیلے، ٹپکتے ہوئے خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
غزہ میں بارش کے پانی کی نکاسی کا کوئی مؤثر انتظام نہیں، جس کے باعث فلسطینیوں نے خیموں کے اطراف گڑھے کھود کر پانی روکنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین (UNRWA) کے مطابق 13 لاکھ افراد کے لیے امدادی سامان غزہ کے داخلی راستوں پر رُکا ہوا ہے، جو اسرائیل نے آگے جانے سے روک رکھا ہے۔ ادارے کے سربراہ کے مطابق سرد موسم میں امداد کی فراہمی پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہوچکی ہے۔
اس کے علاوہ تباہ شدہ عمارتوں میں پناہ لینے والے فلسطینی بھی عمارتوں کے گر جانے کے مسلسل خطرے سے دوچار ہیں۔
دریں اثنا، اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بھی جاری ہیں۔ غزہ کے زیتون علاقے میں ایک مغوی کی لاش کی تلاش کے لیے ریڈ کراس اور القسام بریگیڈز کی مشترکہ کارروائیاں دوبارہ شروع کردی گئی ہیں۔
اسرائیل اب تک 330 فلسطینیوں کی میتیں واپس کرچکا ہے، جن میں تازہ طور پر 15 میتیں شامل ہیں۔
دیکھیں

