پاکستان - 18 نومبر 2025
آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور آج حلف اٹھائیں گے — ریاستی سیاسی تاریخ کا جامع پس منظر
پاکستان - 18 نومبر 2025
آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب ساڑھے دس بجے ایوانِ صدر میں منعقد ہوگی جبکہ وہ ساڑھے گیارہ بجے باضابطہ طور پر وزارتِ عظمیٰ سنبھالیں گے۔ فریال تالپور مظفرآباد پہنچ چکی ہیں اور تقریب میں خصوصی شرکت کریں گی۔
آزاد کشمیر میں سیاسی ارتقا کی بات کی جائے تو 1970ء کے ایکٹ کے تحت 1971ء میں پہلی قانون ساز اسمبلی وجود میں آئی، جبکہ سردار عبدالقیوم خان پہلے صدر منتخب ہوئے۔ 1974ء کے عبوری آئینی ایکٹ کے بعد پارلیمانی نظام متعارف ہوا، مگر 1977ء کے مارشل لا نے اسمبلی کو تحلیل کر دیا اور پہلے وزیراعظم عبدالحمید خان کو برطرف کر دیا گیا۔
اس کے بعد 1985ء کے انتخابات میں سردار سکندر حیات نے پہلی بار اپنی آئینی مدت پوری کی۔ 1990ء سے 2001ء کے دوران ممتاز حسین راٹھور، سردار عبدالقیوم خان اور بیرسٹر سلطان محمود چودھری مختلف ادوار میں وزیراعظم رہے۔
2001ء سے 2006ء تک سردار سکندر حیات دوبارہ وزیراعظم بنے۔ 2006ء میں سردار عتیق احمد خان ساتویں وزیراعظم منتخب ہوئے مگر اندرونی اختلافات کے باعث 2009ء میں عدم اعتماد کے ذریعے ان کی برطرفی ہوئی اور سردار یعقوب وزیراعظم بن گئے۔
اکتوبر 2009ء میں مسلم کانفرنس نے دوبارہ اتحاد کے بعد سردار یعقوب کی جگہ فاروق حیدر کو وزیراعظم بنا دیا۔ 2010ء میں دوبارہ سیاسی ہلچل کے نتیجے میں راجہ فاروق حیدر مستعفی ہوئے اور سردار عتیق احمد خان دوبارہ وزارتِ عظمیٰ پر فائز ہو گئے۔
2011ء میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران چودھری عبدالمجید وزیراعظم رہے۔ 2016ء میں مسلم لیگ ن کی جیت کے بعد راجہ فاروق حیدر ایک بار پھر وزیراعظم بنے۔
2021ء میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد عبدالقیوم نیازی وزیراعظم منتخب ہوئے، مگر اپریل 2022ء میں اپنی ہی جماعت کی عدم اعتماد تحریک پر مستعفی ہو گئے۔
بعد ازاں سردار تنویر الیاس وزیراعظم بنے مگر اپریل 2023ء میں توہین عدالت کیس میں نااہل قرار دیے گئے، جس کے بعد چوہدری انوارالحق بلامقابلہ وزیراعظم منتخب ہوئے۔
14 نومبر 2025ء کو پیپلز پارٹی نے انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی، اور 17 اپریل کو فیصل ممتاز راٹھور 36 ووٹ لے کر آزاد جموں و کشمیر کے 16ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔ آج وہ باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
دیکھیں

