اے آئی کے استعمال پر دو کتابیں اوکھم بک ایوارڈز 2026 سے باہر

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 18 نومبر 2025

نیوزی لینڈ کے معروف ادبی اعزاز اوکھم بک ایوارڈز 2026 نے دو نمایاں مصنفین کی کتابوں کو اس وجہ سے مقابلے سے خارج کر دیا ہے کہ ان کے سرورق مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کیے گئے تھے۔

 

سٹیفنی جانسن کی مختصر کہانیوں پر مبنی کتاب اور الزابتھ سمتھر کی طویل فکشن تحریروں والی کتاب فکشن کیٹیگری میں جمع کروائی گئی تھیں، مگر نئی اے آئی پالیسی کے مطابق دونوں کو نااہل قرار دیا گیا۔

 

سٹیفنی جانسن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ ان کی کتاب کا سرورق—جس میں انسانی دانتوں والی بلی کی تصویر ہے—اے آئی سے بنا ہے۔

 

 وہ سمجھتی تھیں کہ یہ ایک اصل تصویر ہے جسے صرف ایڈٹ کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ لوگ یہ نہ سمجھ لیں کہ شاید پوری کتاب بھی اے آئی سے لکھی گئی ہے، حالانکہ اصل بحث کتاب کے بجائے اے آئی کے گرد گھوم رہی ہے جسے وہ ناپسند کرتی ہیں۔

 

دوسری جانب، الزابتھ سمتھر نے کہا کہ ان کی کتاب کے سرورق پر—جس میں دھوئیں 

سے ابھرتا فرشتہ اور بھاپ کا انجن دکھایا گیا ہے—ڈیزائنرز نے کئی گھنٹے محنت کی، لیکن بدقسمتی سے اس محنت کو نظر انداز کر دیا گیا۔

 

ایوارڈ ٹرسٹ کی عہدیدار نیکولا لیگاٹ نے وضاحت کی کہ ادارہ مصنفین اور مصوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اے آئی کے استعمال پر سخت مؤقف رکھتا ہے، اور یہ اصول تمام امیدواروں پر یکساں لاگو ہوتے ہیں۔

 

ناشرین کا کہنا ہے کہ صنعت میں Grammarly اور Photoshop جیسے ٹولز عام ہیں، اور یہ صورتحال اس ضرورت کو ظاہر کرتی ہے کہ اے آئی کے بارے میں واضح اور قابلِ عمل رہنما اصول فوری طور پر تیار کیے جائیں۔