پاکستان - 18 نومبر 2025
وزن کم کرنے کا مؤثر فارمولا: روزانہ کیلوریز میں معمولی کمی بھی حیران کن نتائج دیتی ہے
تازہ ترین - 18 نومبر 2025
وزن کم کرنے کا بنیادی اصول بظاہر سادہ ہے — یعنی اپنی روزمرہ کیلوریز کو کم کرنا۔ چاہے آپ کوئی بھی ڈائٹ پلان اختیار کریں، وزن میں کمی اسی وقت ممکن ہے جب آپ اتنی یا اس سے زیادہ کیلوریز جلائیں جتنی آپ کھاتے ہیں۔
لیکن اصل سوال یہ ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے کتنی کیلوریز لینی چاہئیں؟
امریکی نیشنل لائبریری آف میڈیسن کے مطابق زیادہ تر افراد روزانہ تقریباً 500 کیلوریز کم کرکے اپنے وزن میں کمی کا آغاز کر سکتے ہیں۔ اس معمولی کمی سے ایک ہفتے میں تقریباً ایک پاؤنڈ وزن کم کیا جا سکتا ہے۔
کیلوریز سمجھنے کا ایک سادہ طریقہ یہ ہے کہ اپنے وزن کو 15 سے ضرب دیں، اس سے پتہ چلتا ہے کہ موجودہ وزن برقرار رکھنے کے لیے کتنی کیلوریز درکار ہیں۔ وزن کم کرنے کے لیے صرف اس مقدار میں کمی کرنا ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کیلوریز گننے کے ساتھ ساتھ کھانے کے انتخاب پر بھی توجہ ضروری ہے۔
نیویارک کی غذائی ماہر سمانتھا ہیلر کے مطابق وزن کم کرنا نہ تو فوری عمل ہے اور نہ ہی جادوئی، یہ ایک مستقل اور صبر آزما سلسلہ ہے۔
وہ تجویز کرتی ہیں کہ اپنی غذا میں سبزیاں، دالیں، مکمل اناج، پھل اور خشک میوہ جات شامل کیے جائیں۔ اسنیکس کے لیے پاپ کارن، انگور، کم چکنائی والی چیز اسٹکس، ایک سیب یا چند بادام بہترین انتخاب ہوسکتے ہیں۔
مزید یہ کہ روزانہ اپنی خوراک سے ایک زیادہ کیلوری والی چیز ہٹا دیں، مثلاً کھانے کے ساتھ میٹھا۔ تلی ہوئی اشیاء سے پرہیز کریں اور کریم کی جگہ دہی جیسے کم کیلوری والے اجزاء استعمال کریں۔
ماہرین صحت کے مطابق وزن کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کھانے کی مقدار اور معیار دونوں میں تبدیلی لائیں۔
جرنل آف اوبیسٹی اینڈ میٹابولک سنڈروم میں شائع تحقیق کے مطابق سب سے مؤثر طریقہ یہ ہے کہ ایک ذاتی نوعیت کا ڈائٹ پلان اختیار کیا جائے، جس پر طویل عرصے تک عمل کرنا ممکن ہو۔
دیکھیں

