ٹرمپ کا انکشاف: بھارت پاکستان پر دوبارہ جنگ مسلط کرنے والا تھا

news-banner

دنیا - 19 نومبر 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت پاکستان پر ایک بار پھر جنگ مسلط کرنے کے قریب تھا، تاہم انہوں نے بروقت مداخلت کرکے یہ تصادم روک دیا۔


وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ اپنی مدتِ صدارت میں انہوں نے دنیا بھر میں آٹھ بڑی جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا، جن میں پاک بھارت کشیدگی میں کمی لانا بھی شامل ہے۔

 

ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت اب مثبت اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے روس یوکرین جنگ کے جلد خاتمے کی امید بھی ظاہر کی اور تسلیم کیا کہ یہ تنازع توقع سے کہیں زیادہ طویل ہوگیا ہے۔

 

واضح رہے کہ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی گئی۔ اس دوران ٹرمپ نے محمد بن سلمان کو دیرینہ دوست قرار دیا اور کہا کہ ان کی حکومت کے دور میں امریکی معیشت مضبوط ہوئی۔


انہوں نے بائیڈن انتظامیہ کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں مہنگائی کم ترین سطح پر تھی اور تیل و گیس کی قیمتوں میں واضح کمی لائی گئی۔


ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب امریکہ میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر آمادہ ہے۔