قومی ادارہ صحت کی اسموگ سے متعلق ایڈوائزری، سانس کی بیماریوں کا خدشہ

news-banner

تازہ ترین - 19 نومبر 2025

قومی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اسموگ (فضائی آلودگی) سے سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے اور ملک بھر میں صحت کے شعبے، اتھارٹیز اور ماہرین کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

 

ادارے نے اسموگ سے بچاؤ اور احتیاطی اقدامات کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس میں کہا گیا کہ سردیوں کے موسم میں، نومبر سے فروری تک، اسموگ انسانی صحت کو شدید متاثر کرسکتی ہے، اور فضائی زہریلے مادے اور سردی مل کر نمونیا اور دیگر سانس کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

 

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ اسموگ سے صحت، معیشت اور معیار زندگی متاثر ہو سکتی ہے، اور فضائی آلودگی کی وجہ سے سانس، دل کی بیماریاں اور دیگر متعدد مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔


خاص طور پر بچوں، معمر افراد اور پہلے سے بیمار لوگوں کے لیے خطرہ زیادہ ہے۔

 

قومی ادارہ صحت نے بتایا کہ لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں اسموگ کے زیادہ خطرات ہیں، خصوصاً لاہور میں فضائی آلودگی سب سے زیادہ ہے، جہاں شہریوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

 

ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ:

  • بچوں کو زیادہ دیر باہر نہ رکھا جائے
  • متاثرہ علاقوں میں بڑے اور بچے فیس ماسک استعمال کریں
  • صحت کے شعبے، اتھارٹیز اور ماہرین فوری اور ضروری اقدامات کریں