کھیل - 19 نومبر 2025
پاکستانی فضائی حدود بند: ایئر انڈیا کا چین سے سنکیانگ روٹ کھلوانے کا مطالبہ
دنیا - 19 نومبر 2025
پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث ایئر انڈیا کی مغربی ممالک کے لیے طویل فاصلے کی پروازوں کا دورانیہ تقریباً 3 گھنٹے بڑھ گیا ہے، جبکہ ایندھن کے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس صورتحال کے بعد بھارتی فضائی کمپنی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ چین کو قائل کیا جائے تاکہ اس کی سنکیانگ کی عسکری فضائی حدود استعمال کی جا سکے۔
رائٹرز کے مطابق ایئر انڈیا بھارتی حکومت پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ چین سے سفارتی بات چیت کرے، کیونکہ پاکستان کی پابندی سے کمپنی کو بھاری مالی نقصان ہو رہا ہے۔
سنکیانگ کے ہوٹن، کاشغر اور ارمچی کے اوپر سے فضائی راستے استعمال کرنے کی صورت میں امریکا، کینیڈا اور یورپ جانے والی پروازوں کا دورانیہ کم ہو جائے گا۔
یہ درخواست ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازع کے باعث پانچ سال سے معطل براہِ راست پروازیں دوبارہ بحال ہوئی ہیں۔
ایئر انڈیا کی پہلے سے مشکل صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوگئی جب جون میں لندن جانے والا بوئنگ 787 ڈریم لائنر گجرات میں تباہ ہوا اور 260 افراد جان سے گئے، جس کے بعد کمپنی کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پروازیں کم کرنا پڑیں۔
داخلی دستاویزات کے مطابق:
- ایندھن کے اخراجات 29 فیصد بڑھ گئے
- بعض طویل پروازوں کا دورانیہ 3 گھنٹے تک بڑھ گیا
- پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے کمپنی کے منافع میں 455 ملین ڈالر کی کمی کا امکان ہے
بھارتی حکومت اس درخواست کا جائزہ لے رہی ہے کہ چین سے بات کر کے متبادل روٹ کی اجازت حاصل کی جائے، جسے ایئر انڈیا نے اپنے لیے ’’اسٹریٹیجک ضرورت‘‘ قرار دیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کے بارے میں لاعلم ہے۔ رائٹرز کے مطابق بھارت، چین اور پاکستان کے متعلقہ حکام نے اس معاملے پر کوئی جواب نہیں دیا۔
دیکھیں

