پاکستان کی غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، عالمی برادری سے فوری اقدام کا مطالبہ

news-banner

دنیا - 23 نومبر 2025

پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی قابض فوج کے معصوم فلسطینیوں پر وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔


ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق ان حملوں میں بچے اور خواتین سمیت کئی بے گناہ شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے، جو بین الاقوامی قوانین اور حالیہ امن معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت نہ صرف امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ شرم الشیخ میں طے پانے والے معاہدے کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیل کی استثنیٰ پسندی اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔

 

ترجمان نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کے احترام کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔


انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطین کے لیے آزاد، خودمختار اور رقبے کے لحاظ سے متصل ریاست کے قیام کی حمایت اپنے اصولی مؤقف کے طور پر کرتا ہے۔