دنیا - 24 نومبر 2025
پاکستان کی شاندار ہیٹ ٹرک کامیابیاں، زمبابوے پر 69 رنز سے فتح کے بعد فائنل میں جگہ پکی
کھیل - 24 نومبر 2025
ٹی 20 ٹرائی نیشن سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 69 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
گرین شرٹس اب تک اپنے تمام تینوں میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں، جبکہ فائنل میں ان کا مقابلہ سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان آخری گروپ میچ کے نتیجے کے بعد طے ہوگا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 126 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
گرین شرٹس کے عثمان طارق نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک سمیت 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
زمبابوے کے ریان برل نے مزاحمت کرتے ہوئے 67 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز اسکور کیے۔
بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے لگاتار دوسری نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 63 رنز بنائے۔
دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ پر 103 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب 13، فہیم اشرف 3 اور محمد نواز 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا 1 اور فخر زمان 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستانی ٹیم میں نسیم شاہ اور عثمان طارق کو شامل کیا گیا، جبکہ زمبابوے نے بھی ایک تبدیلی کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آج پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اپنی 32ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔
دیکھیں

