بالی ووڈ لیجنڈ دھرمیندر کا انتقال ‘ فلمی دنیا سوگوار

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 24 نومبر 2025

بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار اور بالی ووڈ کے لیجنڈ دھرمیندر انتقال کر گئے، جس کے بعد مداحوں اور فلمی حلقوں میں گہرے دکھ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق 89 سالہ دھرمیندر گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے اور سانس کی شدید تکالیف کے باعث حال ہی میں اسپتال میں داخل کیے گئے تھے۔

 

 ان کی آخری رسومات ممبئی کے پون ہنس کریمیٹریم میں ادا کی گئیں، جس میں ان کی اہلیہ ہیما مالنی، بیٹی ایشا دیول اور فلم انڈسٹری کے بڑے نام جیسے امتابھ بچن، جیا بچن، ابھیشیک بچن، عامر خان اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔

 

معروف فلم ساز کرن جوہر نے بھی انسٹاگرام پر دھرمیندر کے انتقال کی تصدیق کی اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’مین اسٹریم سنیما کے ایک عظیم ہیرو کا دور اختتام پذیر ہو گیا۔‘‘

 

بھارتی میڈیا پر گردش کرتی بعض اطلاعات کی بیٹی ایشا دیول نے بھی تردید کی تھی، تاہم بعدازاں دھرمیندر کے انتقال کی تصدیق ہوگئی۔

 

رپورٹس کے مطابق دھرمیندر کی آخری فلم ’اکیس‘ ہے جو 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ 1935 میں بھارتی پنجاب میں پیدا ہونے والے دھرمیندر نے 1960 میں فلم دل بھی تیرا ہم بھی تیرے سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا اور 306 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

 

’’ہینڈسم ہیرو‘‘ اور ’’ہی مین آف انڈین سنیما‘‘ کے نام سے مشہور دھرمیندر نے شعلے، چپکے چپکے، دھرم ویر، سیتا اور گیتا، یادوں کی بارات سمیت بے شمار کلاسک فلموں میں ناقابلِ فراموش کردار نبھائے۔ چھ دہائیوں پر محیط ان کا کیریئر بھارتی سنیما کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔