کھیل - 25 نومبر 2025
ٹی20 ورلڈ کپ 2026: پاکستان اور بھارت 15 فروری کو کولمبو میں ٹکرائیں گے
کھیل - 25 نومبر 2025
آئی سی سی کے منگل کو ممبئی میں جاری کردہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کی روایتی حریف ٹیمیں 2026 ٹی20 ورلڈ کپ میں 15 فروری کو کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی۔
یہ میچ آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور 2025 کے ایشیا کپ کے تین متنازع میچوں کے بعد دونوں ٹیموں کی پہلی بڑی مقابلہ آرائی ہوگی۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، جس میں امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا بھی شامل ہیں۔ بھارت کا یہ گروپ مرحلے کا تیسرا میچ ہوگا۔
بھارت اپنے میچز کا آغاز 7 فروری کو ممبئی میں امریکا کے خلاف افتتاحی مقابلے سے کرے گا، اس کے بعد 12 فروری کو نئی دہلی میں نمیبیا کے خلاف میچ ہوگا۔ پھر 15 فروری کو پاکستان سے ٹکراؤ، اور آخری گروپ میچ 18 فروری کو احمد آباد میں نیدرلینڈز کے خلاف ہوگا۔
ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ 2026 تک جاری رہے گا، جس کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے۔ پاکستان اپنے تمام گروپ میچز کولمبو یا کینڈی میں کھیلے گا۔
ٹورنامنٹ کا فارمیٹ 2024 کی طرز پر ہوگا، یعنی 20 ٹیمیں 5 گروپوں میں تقسیم ہوں گی، ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر 8 مرحلے میں پہنچیں گی۔ پھر سپر 8 سے دو دو ٹیمیں سیمی فائنل اور بعد ازاں فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
بھارت کے سپر 8 میچز (اگر وہ کوالیفائی کرتا ہے) احمد آباد، چنئی اور کولکتہ میں ہوں گے، جبکہ سیمی فائنل ممبئی میں شیڈول ہے۔ دوسرا سیمی فائنل کولمبو یا کولکتہ میں ہوسکتا ہے، اس کا انحصار سری لنکا یا پاکستان کی کوالیفکیشن پر ہوگا۔
فائنل احمد آباد میں رکھا گیا ہے، تاہم رپورٹس کے مطابق اگر پاکستان فائنل تک رسائی حاصل کرتا ہے تو فائنل کولمبو منتقل کیا جاسکتا ہے۔
ٹورنامنٹ میں بھارت اور سری لنکا سمیت 20 ٹیمیں شریک ہوں گی، جن میں پاکستان، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلادیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ، کینیڈا، اٹلی، نیدرلینڈز، نمیبیا، زمبابوے، نیپال، عمان اور یو اے ای شامل ہیں۔
دیکھیں

