پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 ٹرائی سیریز جیت لی

news-banner

کھیل - 29 نومبر 2025

پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 ٹرائی سیریز اپنے نام کر لی۔

 

سری لنکا نے بیٹنگ کا آغاز کیا، مگر شاہین آفریدی نے ابتدائی وکٹ حاصل کرتے ہوئے پاتھم نسانکا کو 11 رنز پر آؤٹ کر دیا، جب ٹیم کا مجموعی سکور 20 تھا۔ 

 

بعد ازاں محمد نواز نے سری لنکن بلے بازوں کی 64 رنز کی شراکت کو توڑا اور کوشل مینڈس کو 14 رنز پر پویلین بھیج دیا، جس سے مجموعی سکور 84 تک پہنچا۔

 

دوسری جانب صائم ایوب نے کامل مشرا کی اہم وکٹ حاصل کی، جو 47 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنا چکے تھے، اور اس طرح سری لنکا کی تیسری وکٹ 98 رنز پر گری۔

 

سری لنکا پوری ٹیم 20ویں اوور میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس سے پاکستان کو جیت کے لیے 115 رنز کا ہدف ملا۔

 

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کر لیا۔

 

 قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ صائم ایوب نے 36، صاحبزادہ فرحان 23 اور کپتان سلمان علی آغا نے 14 رنز بنائے۔