جو روٹ کو دوبارہ انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی ملنے کا امکان
انگلینڈ کے اسٹار بلے باز جو روٹ کو ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق بین اسٹوکس کی متوقع ریٹائرمنٹ کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) جو روٹ کو دوبارہ ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جو روٹ پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے کپتانی کی ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اگلے سال ہونے والی ایشز سیریز تک انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرتے رہیں گے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ سابق اوپنر مارکس ٹریسکوتھک کو انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کی بھی توقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں انہیں عبوری ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سونپی جا سکتی ہیں۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال کپتان اور ہیڈ کوچ کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم برطانوی میڈیا میں دونوں تقرریوں سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں۔