سابق بنگلادیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کی طبیعت تشویشناک، آئی سی یو میں داخل , وزیراعظم شہباز شریف کا نیک خواہشات کا پیغام"

news-banner

دنیا - 30 نومبر 2025

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور بی این پی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیا کو طبیعت انتہائی خراب ہونے پر ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

 80 سالہ خالدہ ضیا کے معالج ڈاکٹر زاہد حسین کے مطابق ان کی حالت گزشتہ تین روز سے تشویشناک مگر مستحکم ہے اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 

ڈاکٹر زاہد نے بتایا کہ خالدہ ضیا کو بیرون ملک علاج کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، تاہم حتمی فیصلہ میڈیکل بورڈ کی سفارش پر ہوگا۔ اس وقت ان کی حالت سفر کے قابل نہیں ہے۔

 

 میڈیکل بورڈ ملکی و غیر ملکی ماہرین پر مشتمل ہے جو روزانہ ان کے علاج اور ادویات کا جائزہ لیتا ہے۔

 

خالدہ ضیا کو پھیپھڑوں کے انفیکشن اور سانس کی تکلیف کے باعث اسپتال لایا گیا تھا، جہاں انہیں نمونیا کی تشخیص ہوئی۔ وہ گردوں، جگر، ذیابیطس اور آرتھرائٹس سمیت متعدد پیچیدہ بیماریوں کا شکار ہیں جس کے سبب علاج مزید مشکل ہو گیا ہے۔

 

بی این پی کے سیکرٹری جنرل مرزا فخر الاسلام کے مطابق بیرون ملک منتقلی کی تمام تیاری مکمل ہے، مگر موجودہ صحت اس کی اجازت نہیں دیتی۔ طبی حالت بہتر ہونے پر دوبارہ فیصلہ کیا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ سابق حکومت کے دور میں انہیں قید کیا گیا تھا اور 2020 میں خصوصی حکم نامے کے تحت رہا کیا گیا، تاہم ان کی سزا ہر چھ ماہ بعد تو معطل ہوتی رہی مگر بیرون ملک علاج کی منظوری نہیں دی گئی۔ 

 

موجودہ حکومت ختم ہونے کے بعد وہ علاج کے لیے برطانیہ گئیں اور رواں سال مئی میں وطن واپس آئی تھیں۔ اس کے بعد انہیں کئی بار اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

 

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے خالدہ ضیا کی تشویشناک صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں پر مبنی خط ارسال کیا ہے۔


وزیراعظم نے خالدہ ضیا کی بنگلادیش کی ترقی اور پاکستان–بنگلادیش تعلقات میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی صحت، ہمت اور جلد بحالی کی دعا بھی کی۔ اس سے قبل وہ ان کے لیے گلدستہ بھی بھجوا چکے ہیں۔