پاکستان - 03 مارچ 2026
کراچی میں 3 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر لاپتا، 12 گھنٹے بعد بھی تلاش جاری‘شہریوں کا شدید احتجاج
پاکستان - 01 دسمبر 2025
کراچی کے علاقے گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب گزشتہ رات کھلے مین ہول میں گرنے والا 3 سالہ ابراہیم تاحال بازیاب نہ ہوسکا۔ واقعہ رات 11 بجے کے قریب پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے تلاش کا عمل شروع کیا مگر کوئی کامیابی نہ ملی، جس کے بعد آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق رات سے اب تک پانچ مختلف مقامات پر کھدائی کے باوجود بچے کا سراغ نہیں مل سکا۔ متعلقہ محکموں کی عدم موجودگی اور مشینری کی کمی نے سرچ آپریشن کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور کے ایم سی کا عملہ تاحال جائے حادثہ پر نہیں پہنچا۔
رات گئے ریسکیو آپریشن رکنے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہیوی مشینری منگوائی اور کھدائی جاری رکھی۔ یہ بات بھی سامنے آئی کہ بچے کے والدین شاپنگ کے لیے آئے تھے جب اچانک ابراہیم ہاتھ چھڑا کر بھاگا اور بغیر ڈھکن کے مین ہول میں جا گرا۔ بچے کے دادا نے بتایا کہ ابراہیم اکلوتا بیٹا ہے اور وہ ریسکیو اداروں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔
واقعے کے بعد شہری مشتعل ہوگئے اور نیپا چورنگی پر احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کر دیں۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر راستے بند کیے، پتھراؤ کیا اور میڈیا ٹیموں پر بھی حملہ کیا، بعض صحافیوں کو یرغمال بنا لیا اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ رات سے میڈیا موجود ہے مگر انتظامیہ نہیں پہنچی۔
سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کہا کہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے کہ مین ہول بغیر ڈھکن کے کیوں تھا، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ڈپٹی میئر کراچی نے بھی نوٹس لیتے ہوئے تمام ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال کراچی میں کھلے مین ہولز اور نالوں میں گر کر 24 افراد جان سے جا چکے ہیں، جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔
دیکھیں

