دنیا - 12 مارچ 2026
ایڈز کے عالمی دن پر وزیراعظم کا عزم: پاکستان بیماری کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات جاری رکھے گا
پاکستان - 01 دسمبر 2025
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان عوامی صحت کو لاحق بڑے خطرات، خصوصاً ایڈز کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا اور بیماری سے تحفظ کی سہولیات ہر شہری تک یقینی طور پر پہنچائی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال ایڈز کا عالمی دن ’’رکاوٹوں کو عبور کرنا اور ایڈز کے حوالے سے رویوں میں تبدیلی‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو اس بات کو واضح کرتا ہے کہ مشکلات، بیماریوں اور سماجی ناہمواریوں کے باوجود صحت اور انسانی وقار کے تحفظ کا عزم کمزور نہیں پڑنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی کی وبا دنیا بھر کے صحت کے نظام کے لیے ایک بڑا امتحان ہے، جس سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔ علاج تک مؤثر رسائی، جدید طبی سہولیات کا استعمال اور سماجی سطح پر تعاون میں اضافہ ہی اس وبا کے خلاف مؤثر ردعمل کو یقینی بنا سکتا ہے۔
شہباز شریف نے یقین دلایا کہ حکومت نہ صرف نظامِ صحت کو مضبوط بنانے پر کام کر رہی ہے بلکہ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی ضروریات کو ترجیح دیتے ہوئے ان کی آواز سننے کے لیے بھی پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کا تحفظ ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت کمزور طبقات تک تشخیص، علاج، روک تھام اور نگہداشت کی مساوی سہولیات پہنچانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم کے مطابق وفاقی حکومت صوبوں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس بیماری کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے معاشرے میں ایڈز سے متعلق بدنامی اور امتیاز کے خاتمے کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ خطرے سے دوچار طبقات تک علاج کی فراہمی، صنفی امتیاز کا خاتمہ، ماں سے بچے میں وائرس کی منتقلی روکنا، محفوظ خون کی فراہمی اور منشیات استعمال کرنے والوں میں پھیلاؤ میں کمی وہ اقدامات ہیں جو ترجیحی بنیادوں پر جاری ہیں۔
شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ ایڈز کے عالمی دن پر یہ عہد کریں کہ کوئی بھی سماجی یا انتظامی رکاوٹ اس مشترکہ جدوجہد کو روک نہیں سکے گی۔
دیکھیں

