Pakistan

بدعنوان افسران کو ایس ایچ او نہ لگایاجائے،مریم نواز

بدعنوان افسران کو ایس ایچ او نہ لگایاجائے،مریم نواز
۱ منٹ پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب نے بدعنوان افسران کو ایس ایچ او نہ لگانے کا حکم دیا ہے۔ مریم نواز نے بدعنوان عناصر کی چھانٹی کرنے کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن بھی دے دی۔

 

وزیراعلیٰ کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں آئی جی پنجاب نے امن و امان کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں جرائم کی مجموعی صورتحال میں واضح کمی آئی ہے۔

 

مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدنام پولیس افسران کو ایس ایچ او نہ لگایا جائے اور کرپٹ پولیس حکام کے خلاف سخت رویہ اپنایا جائے۔

 

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کے مکمل کنٹرول کے لیے پلان طلب کرتے ہوئے بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کے بارے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا ہے۔

 

اجلاس میں ڈولفن پولیس کا آپریشنل کنٹرول متعلقہ پولیس اسٹیشن سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب پولیس کو باڈی کیمز سے لیس کرنے کے لیے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی، جبکہ قیدیوں کی وینز میں جی پی ایس اور کیمرے نصب کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

 

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعات پر سخت کارروائی کا حکم دیا اور نقب زنی کے واقعات میں کمی کے لیے بھرپور کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے شیخوپورہ میں جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن کلین اپ کی ہدایت بھی کی۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جس ضلع میں جرائم کی شرح زیادہ ہوگی وہاں ڈی پی او سے بازپرس کی جائے گی۔ بچے اور خواتین میری ریڈ لائن ہیں، ان کے خلاف جرائم پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ صوبے میں امن و امان پہلی ترجیح ہے، عوام کے جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری پوری کریں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں