فرحان سعید کا انکشاف: بھارت پاکستانی ڈراموں کی نیٹ فلکس رسائی محدود کرنے کی کوشش کر رہا ہے

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 01 دسمبر 2025

معروف پاکستانی اداکار اور گلوکار فرحان سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور عالمی اثر و رسوخ کے باعث بھارت ہمارے مواد کی نیٹ فلکس پر رسائی کو محدود کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

فرحان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ حالات میں سب سے مؤثر قدم یہ ہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری نیٹ فلکس کے لیے اپنا کانٹینٹ تیار کرے، کیونکہ نیٹ فلکس پر پہنچنے کے بعد یہ مواد پوری دنیا تک رسائی حاصل کر لے گا۔

 

گلوکار نے کہا کہ سیاسی وجوہات کی بنا پر پڑوسی ملک نیٹ فلکس پر ہمارے مواد کو بلاک کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن ہمارے ڈرامے اعلیٰ معیار کے ہیں اور بھارت میں پہلے ہی کافی پذیرائی حاصل کر چکے ہیں۔

 

 انہوں نے دہلی ایئرپورٹ کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں لوگ میوٹ موڈ پر چلنے والے پاکستانی ڈرامے کو غور سے دیکھ رہے تھے، جس سے معیار اور مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

 

فرحان نے مزید کہا کہ اچھا مواد کسی بھی ملک میں مقبول ہوتا ہے، اور اگر ہمارے ڈرامے نیٹ فلکس پر بھی آئیں گے تو لوگ انہیں ضرور دیکھیں گے۔

 

 انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کو اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر اپنے مواد کا مکمل کنٹرول حاصل کرنا ہوگا تاکہ مستقبل میں بلاکنگ یا پابندیوں سے بچا جا سکے۔