آندرے رسل نے آئی پی ایل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے پاور کوچ بنیں گے

news-banner

کھیل - 01 دسمبر 2025

کولکتہ: ویسٹ انڈیز کے معروف آل راؤنڈر آندرے رسل نے آئی پی ایل 2026 کی نیلامی سے قبل آئی پی ایل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

 

37 سالہ رسل، جنہیں حال ہی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے ریلیز کیا تھا، نے کہا کہ وہ اب کسی بھی فرنچائز کے لیے نہیں کھیلیں گے بلکہ اگلے سیزن میں کے کے آر کے معاون عملے میں 'پاور کوچ' کے طور پر شامل ہوں گے۔

 

انسٹاگرام پر جاری پیغام میں رسل نے کہا کہ "آئی پی ایل میں میرا سفر شاندار رہا، چھکے، فتوحات اور ایم وی پی ایوارڈز ناقابلِ فراموش ہیں۔ میں اس وقت ریٹائر ہونا چاہتا ہوں جب لوگ کہیں کہ میرے پاس ابھی مزید کرکٹ باقی ہے۔"

 

آندرے رسل نے آئی پی ایل میں 140 میچز کھیلے، 2651 رنز بنائے اور 174 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیل کر لیگ کے سب سے خطرناک پاور ہٹرز میں سے ایک بنے۔

 

 بولنگ میں بھی انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھائی، 123 وکٹیں حاصل کیں اور بہترین باؤلنگ فگر 5/15 تھی۔

 

انہوں نے 2012 میں دہلی ڈیئرڈیولز کے لیے ڈیبیو کیا اور 2014 سے 2025 تک کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا حصہ رہے، جہاں 133 میچز کھیلے اور دو آئی پی ایل ٹائٹلز (2014 اور 2024) جیتے۔

 

 دو بار آئی پی ایل ایم وی پی ایوارڈ (2015، 2019) بھی جیتے۔ 223 چھکوں کے ساتھ وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والوں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر ہیں۔

 

رسال نے مزید کہا کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے سی ای او وینکی میسور اور شریک مالک شاہ رخ خان سے تفصیلی بات چیت کے بعد انہیں لگا کہ کے کے آر کے سیٹ اپ میں رہ کر اپنی اگلی اننگز شروع کرنا زیادہ مناسب ہے۔