Sports

اپنی کامیابی پاکستان کی تمام خواتین کے نام کرتی ہوں: انعم عزیر

اپنی کامیابی پاکستان کی تمام خواتین کے نام کرتی ہوں: انعم عزیر
۱ منٹ پہلے

کوہ پیمائی اور ٹریل رننگ میں نمایاں مقام رکھنے والی مہم جو انعم عزیر نے پاکستان میں منعقد ہونے والی پہلی 100 کلومیٹر گلیات ماؤنٹین ٹریل الٹرا میراتھون جیت کر ایک اور تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی۔

 

دشوار گزار پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات، قدرتی رکاوٹوں اور جنگلی حیات کے خطرات سے بھرپور اس سخت مقابلے میں انعم عزیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

 

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انعم عزیر نے کہا کہ وہ اپنی یہ کامیابی پاکستان کی تمام خواتین، خصوصاً خواتین رنرز کے نام کرتی ہیں۔ 

 

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مستقبل میں بھی مزید منفرد اور مشکل چیلنجز قبول کر کے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ انہیں پہلے ہی اندازہ تھا کہ یہ مقابلہ آسان نہیں ہوگا اور دورانِ ریس آسمانی بجلی، دشوار گزار راستوں اور جنگلی جانوروں سمیت کئی خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 

 

ان کے مطابق کوہ پیمائی میں جہاں برفانی طوفان کا خطرہ رہتا ہے، وہیں گلیات کی ٹریل رننگ میں جنگلی حیات کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

 

انعم عزیر نے بتایا کہ ایک تربیتی رن کے دوران انہوں نے اپنے راستے سے تقریباً دو سو فٹ کے فاصلے پر ایک تیندوہ دیکھا تھا، تاہم اس تجربے کے بعد ان کا خوف آہستہ آہستہ ختم ہو گیا اور انہوں نے اعتماد کے ساتھ اپنی تیاری جاری رکھی۔

 

انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ باقاعدگی سے ٹریننگ کرتی ہیں اور ان کے نزدیک فٹنس ہر فرد کے لیے ضروری ہے، چاہے وہ کسی مقابلے میں حصہ لے یا نہ لے۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ ورزش اور ٹریننگ کو زندگی کا مستقل حصہ بنایا جانا چاہیے۔ 

 

انعم عزیر نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے مستقبل کے لیے ایک اور مشکل چیلنج کا منصوبہ بنایا ہے، جسے وہ پاکستان کے نام کرنا چاہتی ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں