پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بڑا کریک ڈاؤن‘24 گھنٹے میں 63 ہزار سے زائد چالان
پنجاب ٹریفک پولیس نے صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 63 ہزار 970 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے چالان کیے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ایک دن کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 8 کروڑ 42 لاکھ 90 ہزار 950 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ کارروائی کے دوران 23 ہزار 904 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شروع کردیا گیا ہے، جو لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان میں استعمال ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ ٹریفک کوئیک فورس کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔
ہیلمٹ نہ پہننے کی خلاف ورزی پر ایک دن میں 28 ہزار چالان کیے گئے جبکہ 4,312 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی سے بچنے اور اپنی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائیں۔